اسلام آباد: (سب نیوز ) دوسرے بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ممتاز قراء کی پاکستان آمد شروع ہوگئی، جبکہ ایران اور مصر سے تعلق رکھنے والے مقابلے کے ججز بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
مقابلے میں پاکستان سمیت 32 ممالک کے ممتاز قراء شرکت کریں گے، جہاں وہ اپنی خوبصورت آواز اور قرأت کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
کیمرون، ٹوگو، موزمبیق اور ازبکستان سے تعلق رکھنے والے قراء گزشتہ شب اسلام آباد پہنچے، جبکہ آج جرمنی، اردن، الجزائر، عراق، لیبیا اور ترکیہ کے قراء بھی پاکستان پہنچ گئے۔
اسی طرح تیونس، آئیوری کوسٹ، مصر، تنزانیہ، گیمبیا، نائجیریا، قطر، مراکش اور فرانس سے تعلق رکھنے والے قراء بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔
دوسرے بین الاقوامی مقابلۂ حسنِ قرأت کا انعقاد 24 سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں ہوگا۔ معروف عالمی قاری سید صداقت علی مقابلے کے چیف جج ہوں گے۔
مقابلے میں شرکت کے لیے دیگر ممالک سے قراء کی پاکستان آمد آج رات تک جاری رہے گی۔ تین روزہ بین الاقوامی مقابلے کا آغاز کل سے ہوگا، جس میں دنیا بھر کے ممتاز قراء اپنی قرآنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
