ہومتازہ ترینبھارت میں بدترین ٹرین حادثے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی

بھارت میں بدترین ٹرین حادثے کے بعد لاشوں کی بے حرمتی

نئی دہلی (سب نیوز)بھارتی ریاست اڑیسہ میں تین ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 250 سے زائد مسافر ہلاک اور لگ بھگ 900 زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ جائے حادثہ سے جاری ہونے والے مناظر نے لوگوں کے دلوں کو دہلا دیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثہ جمعے کی شب ریاست اڑیسہ کے شہر بالاسور میں پیش آیا، جہاں بنگلورو ہاوڑا سپرفاسٹ ایکسپریس، شالیمار چنئی سینٹرل کرومینڈل ایکسپریس اور پٹری پر پہلے ہی کھڑی مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ حادثے میں 261 مسافروں کی ہلاکت رپورٹ کر رہے ہیں جب کہ بعض بین الاقوامی ذرائع ابلاغ نے 288 مسافروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔حادثے کو بھارت میں دو دہائیوں کے دوران پیش آنے والا سب سے مہلک حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔
بھارت کے ریلوے حکام کے مطابق بنگلورو ہاوڑا سوپر فاسٹ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی اور کورومنڈل ایکسپریس سے ٹکرا گئی۔ریلوے منسٹری کے ترجمان امیتابھ شرما نے کہا تھا کہ ایک ٹرین کے 10 سے 12 ڈبے پٹری سے اتر گئے اور کچھ ٹوٹی ہوئی بوگیوں کا ملبہ قریبی ٹریک پر گرا، مخالف سمت سے آنے والی ایک دوسری مسافر ٹرین اس سے ٹکرا گئی اور اس کے بھی تین ڈبے پٹری سے اتر گئے۔جائے حادثہ سے ملنے والی تصاویر میں ریسکیو ورکرز کو زندہ بچ جانے والے لوگوں کو تلاش کرنے کے لئے ایک تباہ شدہ ٹرین کے ملبے پر چڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں کچھ اہلکاروں کو حادثے کے شکار افراد کی لاشوں کو انتہائی بے دردی سے ایک ٹرک میں ایک کے اوپر ایک پھینکتے دیکھا جاسکتا ہے۔حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد تقریبا 400 افراد کو ہسپتالوں میں لے جایا گیا۔ اڑیسہ کے ایک سرکاری ہسپتال کے باہر سینکڑوں نوجوان خون کے عطیات دینے کیلئے لائنوں میں کھڑے نظر آئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔