اسلام آباد:سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے سوشل میڈیا پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے سلام نہ کرنے سے متعلق زیر گردش ویڈیو پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب کے دوران شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی اہلیہ کے پاس گیا اور ان کو مبارکباد دی، شرعی عدالت کے چیف جسٹس اقبال حمیدالرحمان سے ملنے سے قبل چیف جسٹس پاکستان کو ملا، میں چیف جسٹس شرعی عدالت کی تقریب حلف برداری میں چیف جسٹس پاکستان کو سلام کر چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کسی نے ویڈیو بنا کر یہ غلط تاثر دیا کہ میں نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کو سلام نہیں کیا، میڈیا میں غلط تعبیرات سامنے آئیں، غلط خبریں نہ پھیلائی جائیں کیونکہ یہ غیرضروری غلط فہمیاں نقصان کا باعث بنتی ہیں۔
