ہومتازہ ترینامریکی صدر کا افغانستان سے فوج کے انخلا کا اعلان

امریکی صدر کا افغانستان سے فوج کے انخلا کا اعلان

واشنگٹن ،امریکی صدرجوبائیڈن نے افغانستان سے فوج کے انخلا کااعلان کردیا،امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ کہ یکم مئی سے افغانستان سے فوج کا انخلا شروع ہوگا اور 11ستمبر2021تک فوجی انخلا مکمل ہوجائیگا،افغان امن مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں قوم سے خطاب کے دوران صدر بائیڈن نے کہا کہ افغانستان میں القاعدہ منتشر ہو چکی ہے اور اسامہ بن لادن کو کیفر کردار تک پہنچایا جا چکا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کی اس طویل ترین جنگ کو انجام تک پہنچایا جائے۔صدر بائیڈن نے کہا کہ میں افغانستان میں امریکی افواج کی موجودگی کی نمائندگی کرنے والا چوتھا امریکی صدر ہوں، اس سے پہلے دو ری پبلکن اور دو ڈیموکریٹک صدر افغانستان کی جنگ کے خاتمے کی کوششیں کر چکے ہیں۔ اور اب یہ ذمہ داری پانچویں صدر کے پاس نہیں جانی چاہیے۔صدر بائیڈن کے بقول، امریکہ پر دہشت گرد حملے کے بعد جب اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملوں کا فیصلہ کیا تو انہوں نے اس کی تائید کی تھی۔ اور بعد ازاں وہ آٹھ سال کے بعد سابق صدر باراک اوباما کی ایما پر افغانستان گئے اور انہوں نے کنڑ وادی جیسے علاقوں کا دورہ کیا۔امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اتحادیوں، فوجی لیڈروں، قانون سازوں اور نائب صدر کاملا ہیرس سے مشاورت کے بعد اس سال گیارہ ستمبر کو افغانستان سے اپنی افواج کے انخلا کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس ضمن میں انہوں نے سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے ساتھ بھی اپنے فیصلے پر مشاورت کی ہے۔صدر بائیڈن نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی انتظامیہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیامِ امن سے متعلق بات چیت اور افغان فوج کی تربیت کے لیے بین الاقوامی سطح پر کی جانے والی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔دوسری جانب امریکی صدرجوبائیڈن نے افغان ہم منصب اشرف غنی کوٹیلی فون بھی کیا۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ امریکی فوج کے انخلاکے فیصلے کا احترام کرتے ہیں،افغان فوج اپنے شہریوں کی حفاظت کی اہلیت رکھتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔