بھارت کے نامور فلم ساز وویک رنجن اگنی ہوتری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر اپنی متنازع فلم دی کشمیر فائلز کا گانا چرانے کا الزام عائد کیا ہے۔
وویک رنجن نے ٹوئٹر پر عمران خان کے انسٹاگرام اکانٹ سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پوسٹ کی، ویڈیو سے متعلق بھارتی فلم ساز نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو کے پیچھے چلنے والا گانا ‘ہم دیکھیں گے’ ان کی فلم کشمیر فائلز کا آفیشل گانا ہے۔

بھارتی فلم ساز نے واضح کیا کہ پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی تحریر کردہ اس نظم کے کئی ورژنز ہیں اور مذکورہ ورژن کے نشریاتی حقوق انہوں نے فیض ہاوس سے حاصل کررکھے ہیں۔
خیال رہے کہ ہم دیکھیں گے، پاکستانی شاعر فیض احمد فیض کی مشہور اور سدا بہار اردو نظم ہے جوبغاوت کا ترانہ بن کر دنیا بھر میں مقبول ہوئی، اس نظم کو مختلف ادوار میں ، مختلف فنکاروں کی جانب سے فلمایا گیا ہے۔

اب حال ہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود سے رینجرز کے ہاتھوں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے دوران کئی پرتشدد مظاہرے دیکھنے میں آئے تھے جب کہ عمران خان کے حامیوں کی ریاستی مشینری کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکانٹس سمیت چیئرمین پی ٹی آئی کے ذاتی انسٹاگرام اکانٹ سے ان احتجاجی مظاہروں کی مختلف ویڈیوزشیئر کی گئی تھیں جن میں سے ایک کے پیچھے یہ گانا چل رہا تھا۔
