ہومبریکنگ نیوزایف نائن پارک واقعے کے مبینہ ملزموں کی ہلاکت ، ایچ ایس او گولڑہ ریکارڈ سمیت طلب

ایف نائن پارک واقعے کے مبینہ ملزموں کی ہلاکت ، ایچ ایس او گولڑہ ریکارڈ سمیت طلب

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف نائن پارک واقعے کے مبینہ ملزموں کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں ہلاک شدگان کے لواحقین کی جوڈیشل انکوائری کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ گولڑہ کو اگلی تاریخ پر ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ اصل دادرسی کوئی بھی نہیں چاہ رہا ، آپ نے انہیں مشورہ دیا مجسٹریٹ کے پاس جائیں؟میں بطور وکیل پریکٹس کر رہا تھا تو تحصیلدار سے ہائیکورٹ تک خود ہی جاتا تھا،مجھے پورے سسٹم کا اس لئے پتہ ہوتا ہے کیونکہ میں نے فیلڈ میں مار کھائی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایف نائن پارک واقعے کے مبینہ ملزموں کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت کے کیس میں ہلاک شدگان کے لواحقین کی جوڈیشل انکوائری کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی ،ہلاک شدگان کے لواحقین کی جانب سے ایڈووکیٹ قاضی عادل عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اگر ہم تھوڑے قاعدے قانون کو فالو کر لیں تو اچھا ہے نہ ، مجھے بتائیں ہائیکورٹ کے پاس جوڈیشل کمیشن بنانے کا کونسا اختیار ہے؟متعلقہ ایس ایچ او کو بلاکر اصل حقائق معلوم کر لیتے ہیں ۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ اصل دادرسی کوئی بھی نہیں چاہ رہا ، آپ نے انہیں مشورہ دیا مجسٹریٹ کے پاس جائیں؟میں بطور وکیل پریکٹس کر رہا تھا تو تحصیلدار سے ہائیکورٹ تک خود ہی جاتا تھا،مجھے پورے سسٹم کا اس لئے پتہ ہوتا ہے کیونکہ میں نے فیلڈ میں مار کھائی ہے ۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ معذرت کے ساتھ وکلا اپنے کلائنٹ کو بھی اچھا مشورہ نہیں دیتے ، بلیک کوٹ کی اہمیت آج بھی ہے، یہ مثبت اور منفی دونوں اطراف سے کہہ رہا ہوں ،ایک کالے کوٹ والے کا ایس ایچ او کے پاس جانا اور شہری کا جانا مختلف ہے ،ہم غلطیاں بھی وہیں کرتے ہیں جہاں ہم شارٹ کٹس لیتے ہیں آپ تھانے تو جائیں ، مجسٹریٹ کے پاس تو جائیں ،تھانے اور مجسٹریٹ سے ریلیف نہ ملے تو ہائیکورٹ آ جائیں ،عدالت نے ایس ایچ او تھانہ گولڑہ کو اگلی تاریخ پر ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔