کراچی (سب نیوز)سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی تدفین کراچی کی جائے گی ۔آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عرفان میمن نے سب نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ پرویز مشرف کی میت کل پاکستان لائی جائے گی جبکہ پرویز مشرف کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو راولپنڈی کے آرمی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
سابق صدر جنرل (ر)پرویزمشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔سابق صدر کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، اہلخانہ کے مطابق پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا۔
سابق صدر پرویز مشرف گیارہ اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 79 سال کی عمر میں ہوا۔
پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔
سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلے گئے تھے۔