ہومپاکستانپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کیساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے ،پی ٹی آئی

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کیساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے ،پی ٹی آئی

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا اور کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے معیشت کا بیڑا غرق کرنے کے بعد پیٹرول قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے ہیں، ان کو دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔

دوسری جانب ‏پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے بھی ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کی وجہ سے نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے معیشت تباہ کردی جس کی وجہ سے روپے کی ڈالر کے مقابلے میں قدر انتہائی کم ہو گئی۔حماد اظہر کا کہنا ہے کہ تیل سمیت تمام امپورٹڈ اشیاء اب بہت زیادہ مہنگی پڑیں گی، یہ سب رجیم چینج کی بدولت ہوا۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔ان کا کہنا ہے کہ ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت گیس کی قیمت بھی بڑھائے گی۔کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں 45فیصد تک اضافہ ہوگا۔حالیہ دنوں میں روپیہ 14سے15فیصد تک گرا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اداروں کو سوچنا چاہیے کہ یہ اس حکومت کے بس کی بات نہیں۔2 اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں عام انتخابات کروائے جائیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت ناگزیر ہے کہ عوامی مینڈیٹ والی حکومت آئے تاکہ سخت اور درست فیصلے لے سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔