Friday, November 8, 2024
ہومسائنس و ٹیکنالوجیسائنسدان جانداروں کے ڈی این اے چاند پر محفوظ کرنے کے خواہشمند

سائنسدان جانداروں کے ڈی این اے چاند پر محفوظ کرنے کے خواہشمند

نیویارک ،سائنسدان 67 لاکھ جانداروں کے ڈی این اے چاند پر محفوظ کرنے کے خواہشمند ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے ماڈرن گلوبل انشورنس پالیسی منصوبہ پیش کر دیا۔ اس لونر آرک نامی منصوبے کے تحت دنیا بھر میں پائی جانے والی 67 لاکھ جانداروں کے بیج، اسپرمز اور انڈے چاند کی سطح کے نیچے محفوظ کیے جائیں گے۔سائنسدانوں کے مطابق اگر زمین پر کسی تباہ کن وبا، آتش فشاں کے پھٹنے، بڑے پیمانے پر جوہری جنگ، عالمی قحط سالی یا سیارچے کے گرنے سے تباہی ہو تو یہ منصوبہ انسانوں سمیت دیگر جانداروں کو معدوم ہونے سے بچا سکے گا اور ان تمام نمونوں کو ڈھائی سو خلائی پروازوں کے ذریعے چاند پر پہنچایا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ زمین کا ماحول قدرتی طور پر کمزور ہے مگر چاند پر زمینی حیات کے ڈین این اے نمونوں کو محفوظ کرنے سے جانداروں کی اقسام کو معدوم ہونے پر بچایا جاسکے گا۔سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے منصوبوں سے انسانیت کو خلائی تہذیب بنانے میں پیشرفت ہو گی اور مستقبل قریب میں چاند اور مریخ پر انسانوں کے بیسز ہوں گے۔امریکا کی ایریزونا یونیورسٹی کے 6 سائنسدانوں نے یہ منصوبہ مارچ کے آغاز میں انسٹیٹوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرونکس انجنیئرز ایرو اسپیس کانفرنس کے دوران پیش کیا، جہاں ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے انسانوں کو معدوم ہونے سے بچانے مدد ملے گی۔اس منصوبے کے لیے کھربوں ڈالرز درکار ہوں گے مگر سائنسدانوں کے خیال میں اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی شراکت داری سے ایسا ممکن ہوسکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔