اسلام آباد-وفاقی ترقیاتی ادارے(کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کے چیئرمین کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کی زیرِ صدارت ہفتہ کے روز اسلام آباد میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر پلاننگ، ممبر اسٹیٹ، ڈی جی انفورسمنٹ، سی ای او ایم سی آئی سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کپیٹن) ریٹائرڈ محمد عثمان یونس نے متعلقہ شعبوں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ ونگ کے میکنزم کو مزید بہتر بنانے کیلئے اسمیں جدت لانے اور اصلاح کرنے کے حوالے سے جلد از جلد پرپوزل جمع کروائی جائے۔ تاکہ ہر زون میں ایک قابل اور ماہر افسر کی زیرِ نگرانی عملہ تعینات ہو تاکہ جہاں کہیں بھی غیر قانونی تعمیرات یا تجاوزات ہورہی ہوں انکی بروقت نشاندھی کو ممکن بنایا جاسکے۔چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس نے مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی بلڈنگز اور اسی طرح ہونے والی تعمیرات کا سروے مکمل کرکے جلد از جلد رپورٹ بھی پیش کی جائے تاکہ جامع اور ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ پلاننگ، اسٹیٹ، ڈی ایم اے سمیت آئی سی ٹی ملکر قبضہ مافیا کے خلاف بروقت کارروائیوں کو یقینی بنائیں۔ اور حصول کی گئی اراضی کو فوری طور پر انوائرمنٹ ونگ کے حوالے کیا جائے اور شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لئے وہاں پر ہارٹیکلچر ورک کا بھی آغاز کیا جاسکے۔ چیئرمین سی ڈی اے کپیٹن (ریٹائرڈ) محمد عثمان یونس کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور قبضہ مافیا سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنا ہے۔

