لاہور-وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد مجھ سمیت، وزیرداخلہ اور ادارے کے اہم افسر پر الزام لگانا افسوسناک بات ہے۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کی ہم سب نے بھرپورمذمت کی، واقعے کے بعد میں نے اپنی پریس کانفرنس ملتوی کردی تھی، جواللہ کوپیارے ہوئے اللہ انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے، عمران نیازی سمیت اللہ زخمیوں کوجلد صحت یابی دے، ایک مرتبہ جھوٹ اورگھٹیا پن کا مظاہرہ کیا گیا، وزیراعظم،وزیرداخلہ اورادارے کے اہم افسرپرالزام لگانا افسوس ناک بات ہے۔ یہ گھڑی ایسی ہے کہ سخت الفاظ سے پرہیز کرنا چاہیے لیکن قوم کو مسلسل آپ اپنے جھوٹ، بدنیتی اور گھٹیا پن سے قوم کو بری طرح تباہی کے کنارے لے جانے کی بہت ہی افسوسناک حرکتیں کر رہے ہوں تو میرا بھی فرض ہے کہ وہ پاکستان کو بچانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ عمران نیازی اورباقی لوگوں کوصحت دے، قوم کوجھوٹ اورگھناؤنی سازشوں سے چھلنی چھلنی کیا جارہا ہے۔ واقعے کے بعد الزام تراشیاں کرنا افسوسناک ہے، اداروں پرالزامات لگانے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔ کل اورپرسوں بدترین قسم کی الزام تراشی کی گئی۔ چین جانے سے پہلے کسان پیکیج کا اعلان کیا، چین میں سی پیک کے حوالے سے پیشرفت شروع ہوگئی ہے۔
