اسلام آباد(سب نیوز)سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے، حکومت کو 3دن سے پیٹرول مافیا قیمت کم نہیں کرنے دے رہا، مفاہمت یا مزاہمت اس کا فیصلہ ہونے والا ہے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم نے قوم کو مہنگائی کے سمندر میں ڈبو دیا، مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کو 3دن سے پیٹرول مافیا قیمت کم نہیں کرنے دے رہا، مفاہمت یا مزاہمت اس کا فیصلہ ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزراء اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے، بلاول پاکستان میں بطور مہمان اداکار آتے ہیں دفتر نہیں جاتے، 21 وزراء بے محکمہ ہیں۔
انہوںنے کہا کہ حکمرانوں کے 150کرپشن ریفرنس کی واپسی کو سپریم کورٹ انشاء اللہ بحال کرے گی، نیب ترامیم کالعدم ہوں گی اور 1کروڑ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ 70وزراء کی تعداد آئین کے منافی ہے اس کے خلاف ہائی کورٹ جاؤں گا، پی ڈی ایم اپنے انجام کو پہنچ گئی ہے، اقتصادی بحران انتہائی سنگین ہوگیا ہے۔
