گلگت (آئی پی ایس) قائدِ حزبِ اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی و صوبائی صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے جمہوریت کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے جمہوری نظام کا تسلسل ناگزیر ہے۔
جمہوریت ہی وہ واحد نظام ہے جس سے عوامی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں اور اسی نظام کے تحت حکمران اپنے ووٹر اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ پیپلز پارٹی نے اپنے لہو سے لکھی ہے اور ملک میں جمہوری نظام کی بحالی کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے دی ہیں اور یہ قربانیاں سنہری حروف میں لکھنے کے قابل ہیں۔ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جمہوریت کی بحالی و استحکام اور ملکی بقاء و سلامتی کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
جنرل مشرف کو انتخابات پر مجبور کروانا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا بڑا کارنامہ تھا جس کے بعد اب تک جمہوری نظام کا تسلسل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری نے اٹھارویں ترمیم کے ذریعے جمہوری نظام کی مظبوطی اور تسلسل میں کلیدی کردار ادا کیا خصوصاً بطور صدر مملکت انہوں نے بہت سے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر کے جمہوریت دوستی کا ثبوت دیا۔ پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ آمریت کے خلاف سب سے زیادہ جد و جہد پاکستان پیپلز پارٹی نے کی ہے اور جمہوریت کی بحالی کی تحریکوں میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ جمہوری نظام کا تسلسل برقرار رہا اور صاف و شفاف انتخابات ہوتے رہے تو ملک تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا اور ملکی معیشت بھی مظبوطی ہوگی۔
جمہوری تاریخ پیپلز پارٹی نے اپنے لہو سےلکھی ہے،امجد ایڈووکیٹ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
