اسلام آباد (نیوزڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ میں شیخ رشید ، فواد چوہدری اور اسد قیصر سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماوں کے خلاف سعودی عرب واقعے پر درج مقدمات میں ضمانت اور کیسز ختم کرنے کیلئے درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے 23 ستمبر تک ملزمان کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے پولیس سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مقدمات کی سماعت کی۔ شیخ رشید اور اسد قیصر عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ غیرضروری ہراساں نہ کریں، وہ کام نہ کریں جو ہمیشہ سے ہوتے رہے ہیں، بلاوجہ لوگوں کیخلاف مقدمات درج کرنا اچھی بات نہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزاروں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا، ساتھ ہی کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیتے ہیں۔
وکیل اسد قیصر نے دوران سماعت کہا کہ 25 مئی کو آزادی مارچ پر بھی مقدمات درج کئے گئے، ہمیں ان سب مقدمات کا بھی ریکارڈ چاہیے۔
مسجد نبو ی واقعہ، غیر ضروری ہراساں نہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
