اسلام آباد(آئی پی ایس)اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا،ہائی کورٹ نے قبل ازیں متفرق درخواستوں کی سماعت کی ،اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ن لیگ اور پی پی پی کی یوسیز اور حلقہ بندیوں سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران سیکریٹری وزارتِ داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے ۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔دورانِ سماعت وکیل قاضی عادل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کہہ دیا ہے کہ 101 یونین کونسلز ہونی چاہئیں، الیکشن شیڈول آچکا، کل کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق 50، حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق 101 یوسیز ہیں، الیکشن کمیشن نے یکم جولائی کو بلدیاتی الیکشن کرانے کا شیڈول دیا ہے، 20 ہزار کی 1 یونین کونسل بنانے کا گزشتہ حکومت نے بھی کہا تھا۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن وزارتِ داخلہ کے نوٹیفیکیشن کے تناظر میں درخواست دیکھے گا۔عدالت نے سیکریٹری وزارتِ داخلہ اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے۔عدالت نے فریقین کو آئندہ پیر تک پیراوائز کمنٹس اور جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کاغذاتِ نامزدگی کی تاریخ میں توسیع کی بھی درخواست دیکھے گا۔ عدالت نے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہائی کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔