پنجاب کا بجٹ لانے کيلئے آرڈيننس کا آپشن استعمال کرنے پر غور کيا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپيکرپنجاب اسمبلی کی طرف سے بجٹ پيش نہ کرنے دينے پر آرڈیننس کا آپشن استعمال کرنے کافيصلہ کياگيا ہے۔پنجاب کابینہ کے ہنگامی اجلاس ميں پنجاب کا بجٹ پیش کرنے کےلئے آرڈیننس لائے جانے کا قوی امکان ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اسپيکر بجٹ پيش کرنے کی راہ ميں رکاوٹ ہيں، اسپيکر کی طرف سے بجٹ پیش نہ کرنے دینے پر آرڈیننس کا آپشن استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار آرڈیننس کے ذریعے بجٹ لایا جائے گا، ذرائع کے مطابق آرڈیننس کے ذریعے 3 ماہ کے ليے بجٹ لايا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کا بجٹ آج دوسرے روز بھی اسمبلی میں پیش نہ ہوسکا اور اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس کل تک ملتوی کردیا ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پچھلے 3 ماہ میں ملک کے سب سے بڑے صوبے میں تماشا لگایا گیا ہے، آئین کے ساتھ کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ پرویز الٰہی اور عمران خان کی انا ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی، اگر صوبے کی بہتری کیلئے انا نچھاور کرنا پڑتی ہے تو کروں گا، عوام دیکھیں گے یہ شخص تماشا کررہا ہے۔
