ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کی انڈونیشیا کے صدرسے ٹیلیفونک مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف کی انڈونیشیا کے صدرسے ٹیلیفونک مبارکباد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو۔ صدر جوکو ویدودو نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

دونوں رہنماؤں نے ثقافتی اور مذہبی وابستگی کی مضبوط بنیاد اور بڑھتے ہوئے تعاون پر مبنی پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے 2018 میں صدر جوکو ویدودو کے دورہ پاکستان اور اس کے خاطر خواہ نتائج کو یاد کیا جو پاکستان اور انڈونیشیا اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوئے۔وزیراعظم نے انڈونیشیا کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں صدر جوکو ویدودوکی قیادت کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں سمیت تمام جہتوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش پر زور دیا۔ مزید براں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں فریق انڈونیشیا سے پام آئل کی مستقل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کریں گے۔وزیراعظم نے صدر جوکو ویدودو کو پرخلوص دعوت دی اور کہا کہ پاکستانی عوام جلد از جلد ان کا استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔