اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں قتل کیے جانے والے سری لنکن فیکٹری مینجر پریانتھا کمارا کے قتل میں شریک افراد کو انسداد دہشت گردی کی مقامی عدالت کی طرف سے سزا سنانے کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ پولیس کی طرف سے کم وقت میں چالان جمع کرانا اور عدالت کا ایک ماہ چار روز میں کیس کا فیصلہ کرنا خوش آئند ہے۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز نے مزید کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی سفارشات میں ہمیشہ اس امر پر زور دیا ہے کہ عدل کی فراہمی میں تاخیر نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تفتیش اور حقیقی مجرموں کا تعین ایک مشکل کام تھا مگر سیالکوٹ پولیس نے جس جانفشانی سے اس کیس کی تفتیش مکمل کرکے عدالت میں چالان جمع کرایا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ پولیس ڈیپارٹمنٹ مستقبل میں بھی اسی جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کیس میں جس طرح مختصر مدت میں گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصلہ دیا ہے اس کی پیروی میں دیگر عدالتیں بھی جلد انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کردار ادا کریں گی۔
