ہومپاکستانحکومت معاشی شراکت داری اور کیش لیس معیشت پر یقین رکھتی ہے،عطا اللہ تارڑ

حکومت معاشی شراکت داری اور کیش لیس معیشت پر یقین رکھتی ہے،عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان معاشی شراکت داری پر یقین رکھتی ہے۔ اسلام آباد میں زیڈ والٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور وزیراعلی پنجاب ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے۔ وزیراعظم ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بطور وزیراعلی پنجاب دور میں پہلی ویڈیو کانفرنس سروس متعارف کروائی گئی تھی۔ ٹیکنالوجی کا فروغ شمولیت اور کارکردگی میں اضافے کا ذریعہ ہے۔عطا تارڑ نے کہا کہ تنقید کا نشانہ بننے والی لیپ ٹاپ اسکیم نے کورونا وبا کے دوران اہم کردار ادا کیا۔ وبا کے دوران لوگوں نے گھروں سے کام کیا جبکہ طلبہ نے آن لائن تعلیم حاصل کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں زیڈ والٹ کا آغاز خوش آئند ہے اور حکومت اس کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ حکومت پاکستان ٹیکنالوجی اور مختلف صنعتوں کے باہمی اشتراک کی حمایت کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں کا باہمی اشتراک مالی شمولیت کی جانب ایک اہم قدم ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے اعلی سطحی کمیٹی قائم کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔