لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فوج اور عدلیہ کے بارے میں منفی پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف فی الفور کارروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ غیرملکی ایجنڈے کے تحت سوشل میڈیا پر فوج اور عدلیہ کے خلاف کام میرے دور میں نہیں ہو گا، اس کو سختی سے کچل دوں گا۔
وزیراعظم کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد بننے والی صورت حال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے ناراض بندے ان کے پاس ہیں تو ان کے بندے ہمارے پاس بھی ہیں، جو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی شرارت ہو گئی تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہو گی۔وزیر داخلہ نے ایک بار پھر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کے مطابق اپوزیشن اپنے بچھائے جال میں خود پھنس گئی ہے۔شیخ رشید نے کہا جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ پارٹیاں بدلنے سے عزت ملتی ہے تو ایسا نہیں ہے۔حکومت کے اتحادیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ان سے امید ہے وہ حکومت کا ساتھ دیں گے اور دو تین روز میں فیصلہ کر لیں گے۔وزیر داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو نسلی اور اصلی ہے وہ ملک کے ساتھ ہے۔ فیصلے کے بعد اس پر قائم رہنا چاہیے۔شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان سے متعلق تمام افواہوں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوئی کہیں نہیں جا رہا۔ابھی عثمان بزدار سے مل کر آیا ہوں، وہ بھی چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

