ہومپاکستانتمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا،شہباز شریف

تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا،شہباز شریف

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )قائدحزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کیلئے مفاہمت سے مل کر کام کرنا ہو گا، تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائدحزب اختلاف شہبازشریف کی قیام پاکستان کی پچھترویں سالگرہ پر قوم کو مبارک ، ملک وقوم کے لئے دعا کی۔

شہبازشریف نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن تحریک پاکستان کے شہدا اور غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان نے تعمیر وترقی کا شاندار سفر طے کیا، بحیثیت قوم بابائے قوم کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے فرمان پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانان برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لئے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی رحمت اور مسلمانان برصغیر کی دعاوں کی قبولیت کا مظہر ہے ،بابائے قوم حضرت قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں جہوری جدوجہد سے پاکستان وجود میں آیا ،وطن کے قیام کے لئے قربان ہوجانے اور عظیم قربانیاں دینے والوں کو سرجھکا کر سلام پیش کرتے ہیں،شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم تحریک پاکستان کے شہدااور غازیوں کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،

پاکستان مسلمانان برصغیر کی آرزوں کا مرکز اور ایک مقدس امانت ہے ،پچھتربرس میں پاکستان جوہری ملک بنا، تعمیر وترقی کا شاندار سفر طے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کرچی کرچی جمع کرکے جو آشیانہ بسایا گیا تھا، وہ آج بائیس کروڑ زندہ وتابندہ اور قابل فخرپرعزم پاکستانیوں کا سربلند وطن ہے ،بحیثیت قوم ہمیں بابائے قوم کے ایمان، اتحاداور تنظیم کے فرمان پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،مسلمانان برصغیر کے خوابوں کی تعبیر کے لئے پاکستان کو معاشی قوت بنانا بنیادی تقاضا ہے ،پاکستان کی آزادی اور شہداکی قربانیاں متقاضی ہیں کہ ہم جمہوری، معاشی اور خارجہ محاذ پر اپنا حقیقی لوہا منوائیں ،اس مقصد کے حصول کے لئے عوام کی نمائندہ تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو مل کر ایک قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا ہوگا، مفاہمت سے مل کر کام کرنا ہو گا،پاکستان کی آزادی، سالمیت اور خودمختاری کوناقابل تسخیر بنانے کے لئے معاشی قوت، سیاسی استحکام ، انصاف اور عوام کی سماجی فلاح لازمی تقاضے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔