Thursday, May 14, 2026
ہومپاکستانگرفتار لیگی رہنما چوہدری تنویرکو دل کی تکلیف ،راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل

گرفتار لیگی رہنما چوہدری تنویرکو دل کی تکلیف ،راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل

مسلم لیگ (ن)کے گرفتار رہنما چوہدری تنویر دل کی تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کے زیر حراست مسلم لیگ (ن)کے رہنما چوہدری تنویر کی طبیعبت خراب ہوگئی، اور انہیں راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا ہے۔ چوہدری تنویر گزشتہ دو روز سے دل کے عارضے کی شکایت کر رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل میں تکلیف کے باعث راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد انہیں داخل کر لیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر کے کچھ ٹیسٹ کئے جائیں گے اور ان ٹیسٹ رپورٹس کی روشنی میں فیصلہ کیا جا سکے گا کہ انہیں مزید کب تک اسپتال رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ سابق لیگی ایم این اے چوہدری تنویر کی گرفتاری جناح ٹرمینل ایئرپورٹ پر اس وقت عمل میں آئی جب وہ ایک غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دبئی جارہے تھے، وہ بدعنوانی کے کیسز میں اینٹی کرپشن پنجاب کو مطلوب تھے اور ان کا نام واچ لسٹ میں بھی ڈالا گیا تھا۔

دوسری طرف چوہدری تنویر کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈیوٹی جج مجتبی الحسن کی عدالت میں پیش کیا، ان کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے بتایا کہ چوہدری تنویر کو دل کی تکلیف ہے اور انہیں طبی امداد کی ضرورت ہے، تاہم عدالت نے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے طبی معائنہ کرنے، ادویات کی فراہمی اور اہل خانہ سے ملاقات کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔