اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مولانا کی قیادت میں حزبِ اختلاف کی تشدد کو ہوا دینے کی کوششیں پرمسلح جتھے بندی اور اپوزیشن کے حربوں کو شکست سے پہلے شکست قرار دے دیا ۔
اسد عمر نے کہا کہ پوری قوم نے سیاست کے اناڑیوں اور حقیقی کھلاڑی میں فرق دیکھ لیا، باہم مک مکا اور نورا کشتی سے اناڑیوں نے سیاست کو یرغمال بنا رکھا تھا، تاریخ میں پہلی مرتبہ حقیقی کھلاڑی سے پالا پڑا ہے تو سب اناڑیوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاست ان کے بس میں کبھی تھی نہ آئندہ ہوگی، پارلیمان کے ایک حصے پر جتھوں کی یلغار اصل مقابلے سے فرار کی بھونڈی کوشش ہے، سیاست میں پے درپے شکستِ فاش کی خفت مٹانے کیلئے اناڑی جتھے بندی اور تشدد کا سہارا لینا چاہتے ہیں،
اسد عمر نے کہا کہ عام انتخابات میں شکست کے غم سے ابھی نکلے نہیں کہ عدمِ اعتماد کی ہزیمت ان کی راہ تک رہی ہے، پارلیمان کے اندر کی لڑائی کو سڑکوں پر طوائف الملوکی میں بدلنے کی کوششوں کو خاک میں ملائیں گے، قوم نے ان سے کہیں زیادہ سفاک اور درندہ صفت لشکروں کو شکست کی دھول چٹائی ہے، کسی کو داخلی امن تاراج کرنے کا موقع نہیں دیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان آزادی و خودمختاری کی راہ پر پیش قدمی جاری رکھے گا، انشااللہ، اب بھی اور آئندہ بھی زمامِ قیادت عمران خان ہی کے دستِ قابل میں رہے گی، انشااللہ۔
