تحریک عدم اعتماد
اسلام آباد، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو عمران خان پہلے سے زیادہ خطرناک ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کا مسئلہ صرف مقصود چپڑاسی کا ہے اور حزب اختلاف کی جماعتیں صرف کرپشن چھپانے کے لیے اکھٹی ہوئی ہیں۔
حزب اختلاف عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی مہم
انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں دیر نہ کریں آج ہی لے کر آئیں اور جس مطلوبہ نمبر کی حزب اختلاف کو تلاش ہے عین وقت پر وہی نمبر غائب ہو گا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں کو جو مطلوبہ نمبر درکار ہے وہ عارضی طور پر بند ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حزب اختلاف عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی مہم چلا رہی ہے لیکن عمران خان نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا اور نہ ہی کرپشن کی۔
عمران خان کے پاس گھر کے کرائے کی ادائیگی کے لیے بھی رقم نہیں ہوا کرتی تھی۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے بعض اراکین کے تو اکاونٹس ہی تصدیق شدہ نہیں جبکہ حزب اختلاف کے استعفے لطیفے بن گئے ہیں۔جہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حکومت کے ساتھ ہے اور انہوں نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا۔تحریک عدم اعتماد پر مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہو جائے گی اور اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب بھی ہو جائے تو عمران خان زیادہ خطرناک ہوں گے۔
رہنما تحریک انصاف فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان صرف 30 دن کے لیے پانی کا ذخیرہ رکھتا ہے اور ڈیمز پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ 10 سال 10 ڈیمز عمران خان کا وژن ہے۔انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بہت ضروری ہے جس کے لیے سندھ حکومت اور لوگوں کو قائل کرنا ہو گا۔ 2025 کے بعد پانی کی قلت زیادہ ہو جائے گی۔