ہومتازہ ترینامریکا کی ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق معلومات دینے والوں کیلئے 2کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش

امریکا کی ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق معلومات دینے والوں کیلئے 2کروڑ ڈالر انعام کی پیشکش

واشنگٹن (سب نیوز)امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق مصدقہ معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 2 کروڑ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ خارجہ کے ریوارڈز فار جسٹس پروگرام کے تحت ایران کے جوہری پروگرام، حساس تنصیبات، آلات، سائنس دانوں اور اس سے وابستہ اہلکاروں کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کو انعام کے ساتھ ممکنہ طور پر محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام)کے مطابق اس پیشکش کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار تیار کرنے سے روکنا ہے۔معلومات فراہم کرنے کے خواہش مند افراد کو سگنل جیسی محفوظ اور خفیہ پیغام رسانی کی ایپ کے ذریعے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ان کی شناخت اور فراہم کردہ معلومات کو محفوظ رکھا جا سکے۔یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار دعوی کر چکے ہیں کہ امریکی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ تاہم ان کی انتظامیہ کی جانب سے اب اسی پروگرام سے متعلق معلومات کے لیے بھاری انعام کا اعلان اس معاملے پر مزید انٹیلی جنس معلومات حاصل کرنے کی امریکی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے)نے 2025 میں بتایا تھا کہ ایران یورینیم کی افزودگی 60 فیصد تک کر رہا تھا، جو جوہری ہتھیاروں میں استعمال ہونے والی 90 فیصد افزودگی کی سطح سے زیادہ دور نہیں۔ ایجنسی نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بعض اہم معلومات، بالخصوص سینٹری فیوجز کی تیاری اور ذخیرے کے بارے میں معلومات کے تسلسل میں بھی کمی کی نشاندہی کی تھی۔دوسری جانب ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور تہران معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کی فوجی اور اقتصادی صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے تاہم وہ جنگ کے خاتمے کے لیے معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ٹرمپ نے اسی روز ایران کے جزیرے قشم کے قریب امریکی حملوں کی بھی تصدیق کی، تاہم انہیں محدود نوعیت کی کارروائی قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔