لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ترجمان مصطفیٰ ملک نے چوہدری سالک حسین کی جانب سے این اے 77 کے ضمنی انتخاب میں قاضی ابراہیم گجر کی حمایت کے اعلان سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری سالک حسین یا مسلم لیگ (ق) کی صوبائی قیادت نے کسی امیدوار کی حمایت کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
اپنے بیان میں مصطفیٰ ملک نے کہا کہ این اے 77 میں مسلم لیگ (ق) کی ضلعی تنظیم نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ اپنی سطح پر کیا ہے۔ قاضی ابراہیم گجر کی حمایت کا فیصلہ مقامی تنظیم کا ہے، اسے چوہدری سالک حسین یا مرکزی قیادت سے منسوب نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ان کی ٹیم کی جانب سے چوہدری سالک حسین پر مسلسل تنقید سے مسلم لیگی کارکن شدید نالاں ہیں۔ گوجرانوالہ سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ (ق) کے کارکنوں میں چوہدری سالک حسین کے خلاف مخصوص بیانیہ اختیار کرنے پر شدید ناراضی پائی جاتی ہے۔
