اسلام آباد،سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے حوالے سے سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کا بیان حلفی سب نیوز کو موصول ہوگیا۔بیان حلفی کے مطابق ثاقب نثار نے ہائیکورٹ کے جج کو فون کر کے نوازشریف اور مریم نواز کی الیکشن سے قبل ضمانت نہ ہونے کا کہا جس کے عینی شایدجسٹس شمیم موجود ہیں۔جسٹس شمیم نے اپنا بیان حلفی دیا اور اس کے بعد ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں ۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار جھوٹ بول رہے ہیں، انہیں کبھی اپنی ایکسٹینشن کا نہیں کہا اور نہ ہی چیف جسٹس پاکستان اس کا اختیار رکھتے ہیں۔جسٹس رانا شمیم نے کہا کہ ثاقب نثار نے آئین اور قانون کے خلاف بات کی، وہ بتائیں آئین کے کس آرٹیکل کے تحت وہ چیف جسٹس جی بی کو ایکسٹینشن دے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا تھا کہ میرے متعلق رپورٹ ہونے والی خبر حقائق کے منافی ہے، رانا شمیم بطور چیف جسٹس گلگت بلتستان عہدے کی ایکسٹینشن مانگ رہے تھے جو میں نے منظور نہیں کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس گلگت بلتستان رانا شمیم کے سفید جھوٹ پر کیا جواب دوں، ایک مرتبہ رانا شمیم نے مجھ سے ایکسٹینشن نہ دینے کا شکوہ بھی کیا تھا، ہر ایک جھوٹی اور من گھڑت بات کا رد عمل دینا دانشمندی نہیں۔

