کابل (آئی پی ایس )افغانستان کے صوبہ کنڑ کے دارالحکومت اسعد آباد کے علاقے شگئی کے اندر شیر میں 28 نومبر 2026 کو ایک سرکاری اسکول کے قریب دھماکا ہوا، جہاں فتن الخوارج کی بم سازی اور تربیت کی تنصیب تھی، جسے طالبان رجیم کان کنی کے بارودی مواد کا گودام قرار دے کر اصل حقائق چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں 3 سے 4 ملحقہ مکانات اور اسکول کے 2 کمرے تباہ ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق اس سانحے میں درجنوں طلبہ جاں بحق جبکہ 100 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے۔ طالبان رجیم نے واقعے کو کان کنی کے بارودی مواد کے گودام میں حادثہ قرار دیا، تاہم سامنے آنے والی معلومات کے مطابق یہ مقام ایک گنجان آباد شہری علاقے میں فتن الخوارج کی بم سازی اور تربیت کی تنصیب کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔
دھماکے کے چند گھنٹوں بعد طالبان رجیم کے ترجمانوں نے واقعے کو کان کنی کی کمپنیوں کے بارودی مواد کے گودام میں غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا۔ دھماکے کے تقریبا 3 گھنٹے بعد طالبان رجیم کے نائب ترجمان حمداللہ فطرت اور وزارت داخلہ کے ترجمان مفتی عبدالمتین قانی نے بھی یہی مقف اختیار کیا۔
مفتی عبدالمتین قانی نے ہلاکتوں کی تعداد صرف 7 طلبہ اور زخمیوں کی تعداد 99 بتائی۔ طالبان رجیم اب اس عمارت کو صوبہ نورستان سے تعلق رکھنے والے ایک کان کنی کے ٹھیکیدار کا گودام قرار دے رہی ہے۔ تاہم، سامنے آنے والی معلومات اس مقف سے مختلف حقیقت بیان کرتی ہیں۔ ان معلومات کے مطابق طالبان رجیم افغانستان میں دہشتگردوں کی سرگرمیوں اور افغان شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کی ہلاکتوں میں اپنے کردار کو چھپانے کے لیے گمراہ کن پروپیگنڈا کررہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کا مقام فتن الخوارج کی گاڑیوں میں نصب کیے جانے والے دیسی ساختہ بموں (VBIEDs) کی تیاری کا مرکزی مرکز تھا، جسے فتن الخوارج کے بانی امیر بیت اللہ محسود کے نام پرشہید بیت اللہ محسود المعسکر کا نام دیا گیا تھا۔
