ہومبریکنگ نیوزاب معاملہ ختم ہو چکا ہے، رانا ثنااللہ کا محسن نقوی سے متعلق مزید بات کرنے سے گریز

اب معاملہ ختم ہو چکا ہے، رانا ثنااللہ کا محسن نقوی سے متعلق مزید بات کرنے سے گریز

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو بات کی تھی، اس کا جواب دے دیا اور اب یہ معاملہ ختم ہو چکا ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سمیت تمام اہم سیاسی معاملات پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے، اس حوالے سے بحث اور مشاورت کے لیے پارلیمنٹ موزوں ترین فورم ہے۔

مشیر وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں سیاسی معاملات پر اتفاق رائے کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، اس لیے اسی طرز عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اتفاق رائے سے کیے گئے فیصلے دیرپا ہوتے ہیں اور تمام سیاسی معاملات میں یہی طریقہ اختیار کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے حامی ہیں، تاہم سندھ کی تقسیم کے مخالف ہیں۔ نئے صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں غور و خوض ہونا چاہیے، جبکہ عوام سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم بھی ایک ذریعہ ہے، تاہم اس کا فیصلہ بھی اتفاق رائے سے کیا جانا چاہیے۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کوشش ہے کہ تمام اہم فیصلے باہمی اتفاق رائے سے کیے جائیں۔ سیاسی قیدی سے متعلق سوال پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ عدالتی سزا پانے والے کسی شخص کو سیاسی قیدی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں کامیابی ملک کے لیے ناگزیر ہے اور پوری قوم کو مسلح افواج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

کوہلو میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کا معاملہ ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ اس حوالے سے دیا گیا بیان مناسب نہیں تھا۔ شہدا پوری قوم کے محسن ہیں اور ان کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ خواجہ سعد رفیق سے متعلق سوال پر مشیر وزیراعظم نے کہا کہ اختلاف رائے ہر فرد کا حق ہے، تاہم خواجہ سعد رفیق کوئی الگ سیاسی دھڑا نہیں بنا رہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔