ہومبریکنگ نیوزصدر نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار کی ملازمت میں 2 سال توسیع کی منظوری دے دی

صدر نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار کی ملازمت میں 2 سال توسیع کی منظوری دے دی

اسلام آباد: صدر مملکت نے سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار احمد کی ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت انہیں مزید 2 سال کے لیے کنٹریکٹ پر خدمات انجام دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے عاصم افتخار احمد کے نئے 2 سالہ کنٹریکٹ کی منظوری دی ہے، اس فیصلے کے نتیجے میں وہ آئندہ دو سال تک سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے۔
عاصم افتخار احمد پاکستان کے تجربہ کار سفارت کاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت وزارت خارجہ میں ملک کے اعلیٰ ترین سفارتی عہدے، سیکرٹری خارجہ، پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، انہیں دوطرفہ اور کثیرالجہتی سفارت کاری کا کئی دہائیوں کا تجربہ حاصل ہے۔
سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل عاصم افتخار احمد اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، اس دوران انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کے سفارتی مؤقف اور ترجیحات کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔
وہ وزارتِ خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں، جہاں انہوں نے علاقائی اور عالمی سطح پر اہم پیش رفت کے دوران پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سرکاری مؤقف کو عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ کے سامنے پیش کیا۔
عاصم افتخار احمد کی سفارتی خدمات میں ملکی اور بیرون ملک اہم ذمہ داریاں شامل رہی ہیں، انہیں عالمی امور، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سفارتی تعلقات کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔
دسمبر میں ان کی ریٹائرمنٹ متوقع تھی، تاہم 2 سالہ کنٹریکٹ ملنے کے بعد وہ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھ سکیں گے، ان کی ملازمت میں توسیع کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تسلسل اور اہم سفارتی معاملات میں تجربہ کار قیادت برقرار رکھنے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔