ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم شہباز شریف سے عمانی سفیر کی اہم ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے عمانی سفیر کی اہم ملاقات،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:سلطنتِ عمان کے سفیر عزت مآب فہد سلیمان خلف الخروصی نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور عمان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں۔وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود معاشی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے معاشی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ملاقات میں خطے کی تازہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔عمان کے سفیر نے وزیراعظم کی جانب سے ملاقات کا وقت دینے پر شکریہ ادا کیا اور عمانی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔عمان کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عمان کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔