ہومپاکستانمالدیپ کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

مالدیپ کا پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان اور مالدیپ نے سیاحت، کھیل، صحت، تجارت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ مالدیپ نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوا بازی محمد امین کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحت کے حوالے سے ایک اہم مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ مالدیپ کی قومی فضائی کمپنی جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرے گی، جس سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہوجائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام سیاحت میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور براہ راست پروازوں کے آغاز سے مالدیپ جانے والے پاکستانی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، تجارت، کھیل، صحت اور افرادی قوت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے پاکستان کے معروف کرکٹرز، فنکار اور دیگر نامور شخصیات مالدیپ جائیں گی۔مالدیپ کے وزیر سیاحت محمد امین نے کہا کہ پاکستانی فنکار اور مشہور شخصیات ان کے ملک میں بے حد مقبول ہیں اور ان کے دورے سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی، ملاقات میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر اور کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کررہا ہے، جس سے مالدیپ کے نوجوانوں کو کرکٹ کی بہتر تربیت کے مواقع میسر آئیں گے۔مالدیپی وزیر سیاحت نے کہا کہ ان کے ملک کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے کارکنوں کی آمد کا خیرمقدم کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔