ہومتازہ تریناسلام آباد میں تمام گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار ، 30نومبر تک اسموگ فری بنانے کی ہدایت

اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار ، 30نومبر تک اسموگ فری بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیتے ہوئے ٹرانسپورٹ یونین کو 30 نومبر تک گاڑیوں کو اسموگ فری بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کی زیرصدارت اسلام آباد، راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ یونین اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے عہدیدران کے ساتھ اہم اجلاس ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں گاڑیوں کی فٹنس اور اسموگ کے خاتمے سے متعلق امور زیر غور آئے اور اسلام آباد میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ یونین کو 30 نومبر تک گاڑیوں کو اسموگ فری بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او)کائنات اظہر خان نے کہا کہ 30 نومبر کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں انسانی صحت کے لیے خطرہ ہیں۔سی ٹی او نے کہا کہ ریت، بجری اور سیمنٹ لے جانے والی گاڑیوں کو ترپال سے ڈھانپنا لازمی قرار دے دیا ہے اور خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مقررہ تاریخ کے بعد خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاون ہوگا اور اوور لوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
اس موقع پر ٹرانسپورٹ یونین نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔سی ٹی او کائنات اظہر کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت کو اسموگ فری بنانا ہے، انسانی جانوں کا تحفظ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔