پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کے لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
دیگر حکام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دو روز قبل اسلام آباد میں ایک اہم کانفرنس میں شرکت کی، صوبے میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہارنے کی کوئی گنجائش نہیں، گزشتہ 13 سال سے خیبرپختونخوا کے وسائل لوٹے جاتے رہے ہیں، جس سے سب آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے، معدنی وسائل عوام کی امانت ہیں اور کسی کو صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،صوبے میں معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں، ان وسائل کا تحفظ ضروری ہے، جس کسی نے بھی صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور اب سزا و جزا کا نظام قائم کیا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے انکشاف کیا کہ کوہاٹ کے دو بلاکس میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر، 3 ہزار 660 ایکسکیویٹر اور 1600 ڈمپر استعمال ہو رہے تھے، غیر قانونی مائننگ سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جبکہ ہر ماہ 9 کلوگرام تک سونا نکالا جا رہا تھا۔
انہوں نے کہنا تھا کہ خوارجی کمانڈر مقامی افراد سے 8 لاکھ روپے جبکہ غیر مقامی افراد سے 40 لاکھ روپے تک بھتہ وصول کرتے تھے، غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس اہلکاروں پر فتنہ الخوارج نے حملہ بھی کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جن عناصر نے ماضی میں سکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا، ان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی، غیر قانونی کان کنی اور معدنی وسائل کی غیر قانونی ترسیل روکنے کے لیے چیکنگ مزید سخت کی جائے گی۔
گورنر نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں 12 سیاستدان ملوث تھے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے بھائی کے بھی ان سرگرمیوں میں شامل ہونے کا الزام عائد کیا، ان معاملات کی روک تھام اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام پر ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے، ایک ہفتے کے بعد جن کی مشینری نہیں ہٹائی جائے گی، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
آج سے سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں بند کی جا رہی ہیں، ٹھیکیدار اپنی مشینری اٹھا لیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی، سسٹم کو ٹھیک نہیں کریں گے تو صوبہ ٹھیک نہیں ہوگا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ آفتاب عالم، شہریار آفریدی، خرم زیشان اور ساجد اقبال غیر قانونی کان کنی میں ملوث ہیں، احسان لاچی، امجد آفریدی اور سیٹھ سیف اللہ بھی جرائم پیشہ افراد میں شامل ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہر ماہ 90 کلو گرام تک سونا نکالا جا رہا تھا، ایمرجنسی لگنے کے بعد مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا صوبے میں سونے کی کان کنی کے لیز منسوخ کرنے کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
