اسلام آباد، (سب نیوز): ترک جمہوریہ شمالی قبرص (ٹی آر این سی) کے قیام کی 43ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد کے موون پک ہوٹل میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، سفارت کاروں، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کی وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری سفیر بلال حئی تھے، جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد ہارون اور پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب کا آغاز پاکستان اور ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد اسلام آباد میں ترک جمہوریہ شمالی قبرص کی نمائندہ محترمہ بوکت کوپ نے کلیدی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں محترمہ بوکت کوپ نے ترک قبرصی عوام کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی ریاستی حیثیت کے تحفظ، آزادی و خودمختاری کے دفاع اور بین الاقوامی سطح پر شناخت کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترک قبرصی عوام کے لیے ریاستی حیثیت محض سیاسی ترجیح نہیں بلکہ ان کی سلامتی، وقار، مساوات اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کا معاملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں کی تنہائی، پابندیوں اور ایسے مذاکراتی عمل کے باوجود جن کے ذریعے منصفانہ اور پائیدار حل حاصل نہیں ہوسکا، شمالی قبرص نے اپنے جمہوری اداروں، معیشت اور قومی شناخت کو مضبوط بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
محترمہ بوکت کوپ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترک قبرصی عوام اپنی قومی شناخت اور آزادی کے تحفظ کے ساتھ عالمی برادری میں اپنا مقام حاصل کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔
تقریب میں سفارتی حلقوں، پاکستانی حکام اور دیگر معزز مہمانوں کی شرکت نے اس تاریخی دن کی اہمیت کو اجاگر کیا اور باہمی دوستی و تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
