انطالیہ (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی تبدیلی کانفرنس کوپ 31کے موقع پر کویت کے وزیراعظم احمد عبداللہ الاحمد الصباح سے دوطرفہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی تعاون اور عوامی سطح پر روابط سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی اور عالمی پیش رفت، بالخصوص خطے میں امن و سلامتی کے چیلنجز، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور پائیدار ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک کی جانب سے حال ہی میں دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم کرتے ہوئے رہنماوں نے امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ملاقات میں اس مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات، بالخصوص تجارتی و کاروباری روابط کو مزید گہرا اور مستحکم بنایا جائے تاکہ یہ دونوں ممالک کے مثالی برادرانہ تعلقات کی حقیقی عکاسی کر سکیں۔دونوں رہنماوں نے علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی کویت کے وزیراعظم سے کوپ 31کے موقع پر ملاقات،تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
