لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ سالک حسین کی گفتگو سے لگ رہا وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں، چودھریوں کے خاندان کو پہلے امتحان میں مونس نے ڈالا دوسرے امتحان میں سالک نے ڈال دیا ہے۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ چودھریوں کی وضع دار اور رکھ رکھاؤ والی سیاست کو ان دو نالائق بچوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے، جس شریف خاندان نے انہیں چودھری بنایا ان کو دھوکہ دینے کی ایک ان کی ایک تاریخ بن گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موصوف چودھری کم اور تھڑے باز گفتگو زیادہ کرنا شروع ہوگئے ہیں، جو خواتین کی تضحیک کریں وہ کم از کم وضع دار نہیں ہو سکتے، ایک ہفتے سے مریم نواز کے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے، اگر نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا راگ بھی الاپتے ہیں فنڈز بھی مانگتے یہ دوغلی سیاست کیسے کرلیتے؟ مریم نواز نے گجرات میں جو کام کر دیئے ہیں وہ آپ کی تین نسلیں بھی نہیں کر سکیں، مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو 50 سال سے ظہور الٰہی،شجاعت حسین اور پرویز الہٰی نہیں دے سکے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ ٹی وی پر بھاشن مت دیں، استعفے دیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں آپ کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔
