اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیٹرول پمپس پر کم پیمائش اور مشکوک الیکٹرانک ڈیوائسز کی موجودگی کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کردیں۔ 43پیٹرول پمپس کی انسپکشن کے دوران 14 پمپس کی 42 نوزلز میں ردوبدل کی تصدیق ہوئی، جنہیں موقع پر ہی سیل کردیا گیا جب کہ مشکوک الیکٹرانک ڈیوائسز ملنے پر 4 پیٹرول پمپس کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے چاروں پیٹرول پمپس کے این او سی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ کم مقدار میں پیٹرول فراہم کرنے والے پمپس مالکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مجموعی طور پر 43 پیٹرول پمپس کی انسپکشن کی گئی، جن میں سے 29 پمپس پر فیول کی پیمائش درست پائی گئی جب کہ 14 پیٹرول پمپس کی 42 نوزلز میں ردوبدل کی تصدیق ہوئی تاہم تمام 42 نوزلز موقع پر ہی سیل کردی گئیں۔انتظامیہ نے کم مقدار میں فیول فراہم کرنے والے پیٹرول پمپس کے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ شہر بھر میں بلاامتیاز انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور مقررہ مقدار سے کم پیٹرول یا ڈیزل فراہم کرنے والے پمپس سیل کیے جائیں۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں کم پیمائش کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران 6 پیٹرول پمپس اور 40 سے زائد فیول نوزلز سیل کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی تھی، ان میں 2 پیٹرول پمپس پر الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے فیول کی پیمائش میں ردوبدل کا انکشاف ہوا تھا جب کہ متعلقہ عملے کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
