اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہاہے کہ دہشتگردی اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، بیروزگاری، مہنگائی اور انرجی بحران بھی شامل ہیں، حکومت کو چاہئے کہ وہ اپوزیشن سے لڑائی چھوڑ کر ملکی مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات ندیم افضل چن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے بھی ضد چھوڑ کر اسمبلی اور کمیٹیوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، بیوروکریسی کا سسٹم کولیپس ہو چکا ہے، وزرا خود کرپشن کے الزامات لگا رہے ہیں، سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے حکومت تمام سٹیک ہولڈرز کو بلا کر کام کرے، دو سال بعد الیکشن ہیں حکومت کو چاہئے کہ وہ انتخابی اصلاحات کیلئے کام کرے، جبر کے قوانین دیرپا نہیں ہوتے عوامی مفادات کیلئے قوانین بنانے چاہئیں، پنجاب میں آنے والا بلدیاتی نظام ایک فراڈ نظام ہے، 2001 والا بلدیاتی نظام اچھا تھا، بلدیاتی انتخابات کروا کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے جانے چاہئیں۔
