اسلام آباد: (سب نیوز) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے دو افسران کے تبادلوں اور اضافی چارجز واپس لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری ہونے والے آفس آرڈر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (ایگزیکٹو) بی پی ایس 20 عبدالرزاق کو ڈائریکٹر جنرل سوک مینجمنٹ کے عہدے سے ہٹا کر ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) کی گریڈ 18 کی افسر ثانیہ حمید سے ڈائریکٹر جنرل (لینڈ اینڈ اسٹیٹ مینجمنٹ) کا اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔آفس آرڈر کے مطابق مذکورہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے۔ متعلقہ افسران کو چارج چھوڑنے اور سنبھالنے کی رپورٹس سی ڈی اے کے ہیومن ریسورس ڈائریکٹوریٹ میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔یہ احکامات چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری سے جاری کیے گئے ہیں۔

