اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی حکومت میں اعلی سطح پر انتظامی تبدیلیاں، سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس سمیت ایف جی ای ایچ اے کے تین افسران تبدیل، ایک افسر معطل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے انتظامی سطح پر اہم اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس کیپٹن(ر)محمد محمود، ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال اور دیگردو افسران کے تبادلے کر دیئے ہیں ۔جبکہ گریڈ 18کے افسر لیفٹیننٹ (ر)سعد بن اسد کو 120 روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21کے افسر کیپٹن (ر)محمد محمود کو سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کے عہدے سے تبدیل کرکے فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اسی طرح ایف جی ای ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال کو تین سالہ مدت ملازمت مکمل ہونے پر عہدے سے تبدیل کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گریڈ 21 کے افسر احسن علی منگی، جو اس وقت اسپیشل سیکریٹری انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ڈویژن تعینات ہیں، انہیں اپنے موجودہ فرائض کے ساتھ سیکریٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔ وہ تین ماہ یا مستقل سیکریٹری کی تعیناتی تک، جو بھی پہلے ہو، یہ ذمہ داریاں انجام دیں گے۔مزید برآں گریڈ 18 کے افسر لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کو سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن)رولز 2020 کے تحت ابتدائی طور پر 120 روز کے لیے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
