اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا، جبکہ متعلقہ ونگ کو انتخابی شیڈول پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن کے حکم نامے کے مطابق جن اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل ہوچکی ہیں، وہاں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، جبکہ جن اضلاع میں حلقہ بندیاں نہیں ہوئیں، وہاں حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق خیبرپختونخوا کے 12 قبائلی اضلاع میں فی الحال حلقہ بندیاں اور بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔
