اسلام آباد (سب نیوز)کابینہ ڈویژن نے توشہ خانہ کا جولائی تا ستمبر کا ریکارڈ جاری کر دیا ۔ صدر ، وزیراعظم سمیت کئی حکومتی شخصیات کو قیمتی تحائف ملے۔کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق تمام تحائف کابینہ ڈویژن کے سپرد کئے گئے ہیں جن کی قیمت کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
توشہ خانہ کابینہ ڈویژن کے زیرِ انتظام سرکاری ادارہ ہے، جہاں صدرِ مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزرا، سرکاری افسران اور دیگر مجاز عہدیداروں کو غیر ملکی سربراہانِ مملکت، حکومتوں اور اہم شخصیات کی جانب سے ملنے والے تحائف جمع کرائے جاتے ہیں۔متعلقہ قواعد کے تحت سرکاری عہدیداروں کے لیے ایسے تحائف کی اطلاع دینا اور انہیں توشہ خانہ میں جمع کرانا لازم ہے، جبکہ تحائف کو اپنے پاس رکھنے، ان کی مقررہ قیمت ادا کرنے یا نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا فیصلہ مروجہ پالیسی اور قواعد کے مطابق کیا جاتا ہے۔کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق صدر زرداری کو میوزیکل انسٹرومنٹ، تیر کمان سیٹ، قالین ،آرائشی اشیا اور دیگر تحفے ملے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کو ایک کلو سونا ملا۔ وزیراعظم کو قالین، روضہ رسولۖ کا ماڈل، ٹائی، کف لنکس، ٹیبل کلاک اور دیگر اشیا بھی تحفے میں ملیں۔ کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 تحائف کے ساتھ فہرست میں سب سے آگے ہیں، اسحاق ڈار کو پینٹنگز، پرفیوم، کف لنکس، کپس اور دیگر تحائف ملے۔اس کے علاوہ وفاقی وزرا عطا تارڑ، شزا فاطمہ ، حنیف عباسی اور احد چیمہ بھی تحائف لینے والوں میں شامل ہیں۔
