بشام(سب نیوز)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کردی، صوبے میں جلد تبدیلی نظر آئے گی۔خیبر پختونخوا کے علاقے بشام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا سے لوٹ مار اور کرپشن کے دور کا خاتمہ ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے 13 سالہ دورِ حکومت کے خاتمے پر صوبے کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور وہ اس دور سے نجات ملنے پر خوش ہیں۔وفاقی وزیر نے جلسے میں بھرپور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج بشام میں عوام کا سمندر امڈ آیا ہے، یوٹیوب پر پروپیگنڈا کرنے والے آج جلسے میں عوام کا
جوش و خروش دیکھ لیں۔امیر مقام نے دعوی کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کے دھرنے کو مسترد کردیا ہے۔دوسری جانب انہوں نے سابق صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نالائقوں سے جان چھوٹ جانے پر صوبے کے عوام خوش ہیں، جلسے میں 80 فیصد نوجوانوں کی شرکت دیکھ رہا ہوں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ٹی آئی کے ساتھ 12 گھنٹے تک مذاکرات کیے، تاہم سابق وزیراعلی صرف جھوٹ بولتے رہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کوئی ایجنڈا پیش نہ کرسکے۔امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ان لوگوں کا اصل ایجنڈا کیا ہے، صوبے کے عوام نے انتشار کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیا ہیاور ان لوگوں سے جان چھوٹنے پر عوام نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔وفاقی وزیر نے دعوی کیا کہ صوبے میں اب دوبارہ پی ٹی آئی کا نام کوئی نہیں لے گا اور ان کی سیاست دفن ہوچکی ہے، صوبے میں مبینہ لوٹ مار کے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا، تاہم مسلم لیگ (ن)انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی۔انجینئر امیر مقام نے مزید کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کے مسائل حل کرنے اور ان کی محرومیوں کے خاتمے پر مرکوز ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور صوبے کے عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی۔
