استنبول(آئی پی ایس )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے شہر استنبول میں صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سفارتی رابطوں اور مسلسل مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات علاقائی چار ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والے اجلاس کے اختتام پر ہوئی۔ صدر اردوان نے اجلاسوں میں شریک وزرائے خارجہ کا خیرمقدم کیا اور مختلف فورمز پر ہونے والی مشاورت کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے صدر اردوان کو نیک تمناں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے میزبانی اور پرتپاک استقبال پر ترک صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات، دیرینہ دوستی اور اعلی سطح کے اسٹریٹجک تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے دورے کے دوران علاقائی 4 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس اور آر فور پلس ای فور اجلاس میں شرکت کی، جبکہ اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔کامیاب دورہ مکمل کرنے کے بعد نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ استنبول سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
