لاہور(سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان پرخصوصی اجلاس ہوا جس میں آرپی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سے متعلق امن وامان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے عورتوں اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے عورتوں اور بچوں کیخلاف جرائم سمیت امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری کیلئے 4 ہفتوں کی مہلت دے دی اور امن وامان کی مجموعی صورتحال میں بہتری نہ آنے پر متعلقہ پولیس افسرکوہٹانے کی وارننگ دی۔
وزیراعلی مریم نواز نے پولیس کو تمام اضلاع بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں سے گندم کی سمگلنگ روکنے کی ہدایت کی اور پولیس میں انسداد رشوت ستانی مہم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے ٹریفک مینجمنٹ پرعدم اعتماد کا اظہار کیا اور اوور سپیڈنگ پر یقینی کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز نے پولیس کو صوبہ بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی کارروائی اور برآمدگی کا حکم دیا اور کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے صوبہ بھر میں پولیس پٹرولنگ کی ہدایت کی اور پولیس افسران کو تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس خود پہنچنے کا حکم دیا۔وزیراعلی مریم نواز نے تمام آرپی اوز کو ہر قسم کے جرائم پر ویکلی میٹنگ کا حکم دیا اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلی نے لاہور میں ڈولفن کو پٹرولنگ کیلئے بائیکس اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہترین ڈیوٹی پر آرایم سی کو سراہا اور ڈیوٹی کے دوران جاں بحق پولیس اہلکاروں کیلئے خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے جاں بحق پولیس افسروں کے اہل خانہ کیلئے تاحیات تنخواہ اور پیکج دینے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کیا اورملتان واقعہ سمیت ہر سنگین جرم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں جرائم کی مجموعی شرح میں کمی کا رجحان جاری ہے۔ لاہور میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 41 فیصد کمی ہوئی۔ ڈیرہ غازی خان ریجن میں مجموعی طور پرجرائم میں 16 فیصد، کوٹ ادو ضلع میں 27 فیصد، راجن پور میں 7 فیصد، لیہ میں 25، ڈیرہ غازی خان ضلع میں 9 فیصد اور مظفر گڑھ میں 25 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ بہاولپور ریجن میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح میں 52 فیصد جبکہ ضلع رحیم یار خان میں 50 فیصد کمی ہوئی۔
