اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر اسٹیفن رے نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان سے ملاقات کی، جس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے ان شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے اس امر پر بھی غور کیا کہ سوئٹزرلینڈ کی فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت کے شعبے میں مہارت کو پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدامات کے ساتھ کس طرح منسلک کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ فنی مہارتوں کی ترقی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے نوجوانوں کے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جس سے روزگار کے امکانات میں اضافہ اور ملکی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔ملاقات میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرنے اور کاروباری مواقع تک رسائی بہتر بنانے کے لیے تعاون کے ممکنہ طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
