ہومتازہ ترینوزیر داخلہ محسن نقوی کی خودکشی کرنے والی طالبہ کے گھر آمد، لوٹی ہوئی رقم لواحقین کے سپرد

وزیر داخلہ محسن نقوی کی خودکشی کرنے والی طالبہ کے گھر آمد، لوٹی ہوئی رقم لواحقین کے سپرد

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں خود کشی کرنے والی طالبہ لائبہ اعجاز کے گھر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی اور جعل سازی کے ذریعے لوٹی گئی رقم میں سے 51لاکھ روپے لواحقین کے حوالے کردیے جب کہ انہوں نے باقی رقم بھی جلد واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اہل خانہ کو کیس میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
بدھ کے روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری مرحومہ لائبہ اعجاز کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے اسلام آباد کے سیکٹر جی 10 پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔ وزیر داخلہ نے لائبہ اعجاز کیس میں ہونے والی پیش رفت سے اہل خانہ کو آگاہ کیا اور جعل سازی کے ذریعے لوٹی کی گئی رقم میں سے 51 لاکھ روپے ان کے حوالے کیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ باقی رقم بھی جلد واپس کردی جائے گی۔ملاقات کے موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد، انسپکٹر جنرل (آئی جی)اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر لائبہ اعجاز کے والد نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے، یہ بات پہلے سنی تھی لیکن آج انہیں اس پر یقین ہوگیا ہے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ لائبہ اعجاز کا معاملہ حساس نوعیت کا ہے، اس لیے وہ فی الحال اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیس میں پوری ٹیم نے دن رات محنت کی اور اہل خانہ سے کیا گیا وعدہ پورا کرنا ان کا فرض تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔