اسلام آباد (سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان، قطر، انڈونیشیا اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے منصوبے بدر کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی قرار دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان قابل اعتماد شراکت داروں کے ساتھ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدر مفاہمتی یادداشت علاقائی امن اور استحکام کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم متعلقہ بین الاقوامی اور ملکی قوانین کے مطابق خود کفالت، صنعتی تعاون، مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع تلاش کرنے کے منتظر ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد مشترکہ تحقیق و ترقی، تربیتی تبادلوں اور صنعتی صلاحیت کی تعمیر میں تعاون بڑھانا ہے۔
