ہومتازہ تریناسلام آباد میں غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں کیخلاف سی ڈی اے کا بڑا اقدام، 6اسکیموں کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد میں غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں کیخلاف سی ڈی اے کا بڑا اقدام، 6اسکیموں کے دفاتر سیل کرنے کا حکم

اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں مبینہ غیر قانونی ہاوسنگ اسکیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے سائٹ اور مینجمنٹ دفاتر سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ کی جانب سے 2 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ مراسلوں کے مطابق کیانی ٹاون، سیف گارڈن ہاوسنگ اسکیم، بابر انکلیو، کیپیٹل ہلز، اسلام آباد فارمز اور گرین فیلڈز کے دفاتر سیل کرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔سی ڈی اے کے مطابق مذکورہ ہاوسنگ اسکیموں میں لے آوٹ پلان (ایل او پی)کی منظوری اور لازمی این او سی حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام کیے جانے کی نشاندہی ہوئی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں متعلقہ منظوریوں کے بغیر نجی ہاوسنگ اسکیموں کی منصوبہ بندی، تشہیر، لانچنگ اور ترقیاتی سرگرمیاں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہیں۔مراسلوں میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ اسکیموں کے منتظمین کو پہلے بھی نوٹسز اور شوکاز نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں غیر قانونی ترقیاتی کام روکنے، پلاٹوں کی خرید و فروخت اور منتقلی سے باز رہنے اور غیر قانونی تعمیرات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تاہم، سی ڈی اے کے مطابق ان اسکیموں کے اسپانسرز نے تاحال اتھارٹی سے مطلوبہ منظوری حاصل نہیں کی۔سی ڈی اے نے متعلقہ قوانین اور ضوابط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مطلوبہ منظوریوں کے بغیر قائم کیے گئے سائٹ دفاتر، مینجمنٹ دفاتر اور دیگر متعلقہ عمارتوں کو قواعد کے مطابق سیل کیا جا سکتا ہے۔اتھارٹی نے ڈائریکٹوریٹ آف انفورسمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ نوٹسز اور متعلقہ ضوابط کی روشنی میں کارروائی عمل میں لائی جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔